لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر لبرٹی چوک میں 40 کڑور روپے کا جھنڈا لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے نگران حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں شہری عامر سکندر نے یوم آزادی کے موقع پر پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے لبرٹی چوک لاہور پر 40 کروڑ روپے کا جھنڈا لگانے کی منظوری کے خلاف درخواست پر جسٹس راحیل کامران نے سماعت کی۔
درخواست گزار عامر سکندر انے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نگران حکومت نے یوم آزادی کے موقع پر چالیس کروڑ روپے کا جھنڈا لگانے کی منظوری دی ہے، ملکی معاشی صورتحال بدترین ہے، سیلاب متاثرین کی ابھی تک مکمل بحالی نہیں ہوئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خراب معاشی حالات میں 40 کروڑ روپے کا جھنڈا لگانا عوام کے پیسے کا ضیاع ہے، عدالت پنجاب حکومت کو ایسے اقدامات کرنے سے روکے اور جھنڈے کے لیے مختص رقم عوام فلاح پر لگانے کا حکم دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی درخواست پر نگران حکومت سے 4 اگست تک تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔