
لاہور (آئی پی ایس) بھارت میں ہونیوالی ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، عمر بھٹہ کی قیادت میں ٹیم کل صبح واہگہ بارڈرز کے راستے براستہ امرتسر چنائی روانہ ہوگی۔
ہیڈکوچ شہناز شیخ کو تاحال بھارتی ویزا جاری نہیں ہوسکا، ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی تین اگست سے بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جا رہی ہے، اس میں چھ ٹیمیں کوریا، جاپان، چین، ملائیشیا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہیں۔
لاہور میں چھ ہفتوں کے کیمپ میں پاکستانی ٹیم نے بھی اس ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے۔ کوچز ریحان بٹ اور محمد ثقلین کو یقین ہے کہ لڑکے اچھی پرفارمنس دیں گے۔
ٹیم منیجرعمر صابر کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے ایمبیسیڈر ہوتے ہیں، ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے یہ سمجھا بھی دیا ہے۔
ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے اب تک چھ ایونٹ ہوچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تین تین مرتبہ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں، 2000 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔ کوریا کی ٹیم اس بار دفاعی چیمپئن ہے۔





