اسلام آباد (آئی پی ایس) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی، عدالت نے فریقین کے وکلا ءکی عدم موجودگی پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے بریت کی درخواست پر دلائل بھی طلب کر لئے ، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیخلاف غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا ۔