اسلام آباد، کراچی (آئی پی ایس) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ادھر کراچی میں آج شام یا رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں طوفانی بارشوں کے بعد دریاؤں میں سیلابی صورتِ حال برقرار ہے۔
دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جبکہ دریائے ستلج میں بورے والا کے مقام پر بستیاں سیلابی ریلے سے متاثر ہوئی ہیں۔