اسلام آباد (آئی پی ایس) سینیٹ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا، فوج کو بدنام کرنے پر 2 سال قید اور جرمانہ ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظوری کیلئے پیش کیا جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
بل کے تحت سرکاری حیثیت میں سلامتی اور مفاد سے متعلق حاصل معلومات کا انکشاف کرنے والے غیر مجاز شخص کو 5 سال تک قید کی سزا ہوگی۔
ترمیمی بل کے مطابق آرمی چیف یا بااختیار افسر کی اجازت سے معلومات ظاہر کرنے والے شخص کو سزا نہیں ہوگی، پاکستان اور افواج کے مفاد کیخلاف انکشاف کرنے والے سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کے تحت نمٹا جائے گا۔
بل کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ، استعفے اور برطرفی کے 2 سال بعد تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا، حساس ڈیوٹی پر تعینات شخص 5 سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکے گا، سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کو 2 سال تک سخت سزا ہوگی۔
مجوزہ بل میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج کیخلاف الیکٹرانک کرائم میں ملوث شخص کو الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، فوج کو بدنام کرنے اور اس کیخلاف نفرت پھیلانے والے کو 2 سال تک قید اور جرمانہ ہوگا۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے 2 روز قبل ایوان میں خواتین کے خلاف دیئے جانے والے تضحیک آمیز ریمارکس پر اظہار معذرت کیا اور خواجہ آصف سے بھی معذرت کا اظہار کرنے کی درخواست کی۔
اس موقع پر ایوان سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میری گفتگو کا پس منظر دیکھا جائے، میں نے کسی مخصوص جنس کے حوالے سے بات نہیں کی تھی، جب سینیٹر علی ظفر نے ایوان کو بلڈوز کرنے کی بات کی تو میں نے کہا کہ وہ لوگ یہ باتیں نہ کریں جنہوں نے اپنے وقت میں ایک، دو منٹ میں 54 بل منظور کر لئے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے ایک جملہ کہا جو کسی مخصوص جنس سے متعلق نہیں تھا لیکن اگر کوئی اس کو زبردستی کھینچ کر ایسا بنانا چاہتا ہے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے، ہم صنفی برابری کی بات کرتے ہیں لیکن ریمارکس تو مردوں کے خلاف بھی دیئے جاتے ہیں مگر انہوں نے تو کبھی احتجاج نہیں کیا، اگر یہ صنفی برابری کا دعویٰ کرتے ہیں تو اس قسم کے حوالوں کو برداشت کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری قائد مریم نواز شریف کے خلاف جب ریمارکس دیئے گئے اس وقت ان کا ضمیر نہیں جاگا، یہ اس کی معافی مانگیں تو میں بھی معذرت کر لوں گا۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ نے خواجہ آصف کے ریمارکس کے خلاف ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کر لیا۔
علاوہ ازیں سینیٹ نے کنٹونمنٹس ایکٹ ترمیمی بل اور بورڈ اف انویسٹمنٹ ترمیمی بل بھی منظور کر لیا، دونوں بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ضمنی ایجنڈے کے طور پر پیش کئے۔