اسلام آباد (آئی پی ایس) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہےکہ 90 دن آخری حد ہے اور الیکشن 60 دن میں بھی ہوسکتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ 90 دن کا مطلب یہ نہیں کہ الیکشن اسی دن ہوں، الیکشن 60یا 70دن میں بھی ہوسکتے ہیں، 90 دن الیکشن کی ایک آخری حد ہے، مطلب اس کے اندر ہی ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی، تب چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کا الیکشن ایک دن ہوگا، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صاف اور شفاف الیکشن کے لئے ایک ایسا بندہ ہو جس پر سب کو اعتماد ہو۔
سانحہ 9 مئی سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملک کے دفاع پر حملہ کیا گیا، اس جتھےکو ملک کی سیاست میں حصہ لیتا نہیں دیکھ رہا، ایسے بغض اور کینہ رکھنے والوں کو ملک کی سیاست اور الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔
خیال رہےکہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست رات 12 بجے تک ہے، اسمبلی مدت سے قبل تحلیل ہونے پر عام انتخابات کرانے کے لئے نگران سیٹ اپ 90 دن کے لئے آئےگا۔
13 جولائی کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اگست 2023 میں معاملات نگران حکومت کے حوالے کرنےکا اعلان کیا تھا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 12 اگست 2023 کو ہم معاملات نگران حکومت کے سپردکر دیں گے۔