اسلام آباد (آئی پی ایس) انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گردی کے 3 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ضمانت میں توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درج 3 کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل سلمان صفدر جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کے روبرو عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پولیس سے مکالمہ کیا کہ اگر بے گناہ ہے تو بے گناہ کر دیں، اگر کوئی ثبوت ہے تو بتائیں۔
فاضل جج نے کہا کہ اگر تفتیش ٹھیک نہیں ہوئی تو آئی جی کو بھی میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لوں گا، آپ کو ذہن نشین رہے، تفتیش واضح ہونی چاہیے، یہ کوئی مذاق ہے؟، میں تو کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دوں گا۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم کو ملوث کیا ہوا ہے، اگر ہمارے خلاف کچھ نہیں ہے تو بتا دیں، ہم اپنی ضمانت کی درخواست واپس لے لیں گے، پولیس ہی کمپلیننٹ، پولیس ہی تفتیش کر رہی ہے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے۔
بعد ازاں عدالت نے دہشت گردی کے 3 مقدمات میں سابق وزیراعظم کی ضمانت میں 26 جولائی تک توسیع کردی اور پولیس کی استدعا پر دہشت گردی کے تینوں مقدمات میں سماعت ملتوی کردی۔