اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

آئندہ 3 ہفتے انتہائی اہم، پی ڈی ایم آپس میں دست و گریباں ہوگی : شیخ رشید

راولپنڈی(آئی پی ایس)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئندہ 3 ہفتے پاکستان کی سیاست کیلئے انتہائی اہم اور فیصلہ کن ہوں گے جن میں پی ڈی ایم جماعتیں آپس میں دست و گریباں ہوں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے ہوں، نگران حکومت ہو، الیکشن کی تاریخ ہو، مردم شماری ہو، سب ہی اہم ہیں، یہ سارے فیصلے 12 اگست سے پہلے ہونے ہیں جو پاکستان کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی مسائل کے حل کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ الیکشن 60 دن میں ہوں گے یا 90 دن میں ہوں گے، مسئلہ یہ ہے کہ کیا الیکشن شفاف ہوں گے؟، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور دنیا کیلئے قابل قبول ہوں گے؟، نگران وزیراعظم سیاستدان ہو گا یا معیشت دان، یہ فیصلہ بھی اہم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی استحکام نہیں آئے گا تو معاشی اور اقتصادی استحکام بھی نہیں آئے گا، یہ بھان متی کا کنبہ بنے گا، چوک چوراہے میں ہنڈیاں پھوٹیں گی، جب یہ اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے تو ایک دوسرے کیخلاف کیا بیانیہ بنائیں گے؟۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ 170 روپے کلو آٹا، 155 روپے کلو چینی، 290 روپے کا ڈالر ، پیک آوور میں 50 روپے بجلی کا بنیادی ریٹ اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟، 15 مہینے میں 1 ارب ڈالر کی امداد کی بھیک پر دھمال ڈالنے والے کس منہ سے عوام میں جائیں گے؟۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ، روپے میں گراوٹ اور آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط غریب کیلئے قبرستان اور پی ڈی ایم کیلئے سیاسی موت ہوں گی، آئی ایم ایف کی شرائط غریب کیلئے گلہ گھونٹ اور حکومت کیلئے چارج شیٹ ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker