
کولمبو (آئی پی ایس)گال پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلنے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں سعود شکیل کی سنچری کی بدولت قومی ٹیم کو سری لنکا پر برتری حاصل ہو گئی ہے۔
گال میں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز بنا لئے ہیں اور قومی ٹیم کو سری لنکا پر 48 رنز کی برتری حاصل ہے۔
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز دن کے آغاز پر سعود شکیل نے سنچری مکمل کی جبکہ آغا سلمان 83 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے، سعودی شکیل نے 129 گیندوں پر سنچری مکمل کی ہے، اس وقت کریز پر نسیم شاہ اور سعود شکیل موجود ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔
گزشتہ روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے سکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی اور انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔
دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز سکور کئے۔
بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے سکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 221 تک پہنچا دیا جبکہ گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔
گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سکور کئے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہو گا۔