
لندن (آئی پی ایس)ایشز ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ جیتنے پر انگلینڈ ٹیم کے کیوی کوچ برینڈن میکولم نے اپنے گھوڑے کا نام کپتان کے نام پر ’دی اسٹوکس‘ رکھ دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن میکولم جو انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ ہیں، انہوں نے بہت ہی منفرد انداز میں ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو عزت دی ہے۔
برینڈن جو گُھڑ سواری اور ریسنگ کا بے حد شوق رکھتے ہیں، ان کے اسٹوکس نامی گھوڑے کا کیمبرج نیوزی لینڈ کی ہارس ریسنگ میں جمعرات 13 جولائی کو ڈیبیو ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق اس 3 سالہ گھوڑے کو برینڈن میکولم نے خود پالا ہے اور وہ اس کی کامیابی کے لیے وہ پُرامید ہیں۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں پیدا ہوئے اور 12 سال تک وہیں رہے، بعدازاں ان کے والدین انہیں لے کر انگلینڈ منتقل ہوگئے۔
اور اب میکولم کا گھوڑا جس کا نام اسٹوکس کے نام پر رکھا گیا ہے، وہ ریسنگ کی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف دو ایک کی برتری حاصل ہے۔