گلگت ، اسلام آباد (آئی پی ایس)حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔
حاجی گلبر خان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارورڈ بلاک سے ہے۔
پی ٹی آئی ہم خیال گروپ نے رات گئے پریس کانفرنس میں انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حاجی گلبر تنہا امیدوار رہ گئے تھے، ہم خیال گروپ نے الزام لگایا تھا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھی ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی سکیموں کی لالچ دی گئی، ساتھ نہ دینے پر ساتھی ارکان کو گرفتاریوں اور مقدمات کی دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔
حاجی گلبرخان کو فاروڈ بلاک سمیت مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔
انہیں گلگت بلتستان اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں موجود 20 سے 19 ارکان نے ووٹ دیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان کی تعداد 32 رہ گئی ہے۔