
اسلام آباد (آئی پی ایس) ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتوں پر تشویشن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوگیا تو ہم دنیا میں اس کا دفاع نہیں کرسکیں گے۔
چیئرمین مبین احمد کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ایوی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی سول ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے اور سیکرٹری ایوی ایشن شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے بتایا کہ مون سون سیزن میں کوڑے دانوں کی وجہ سے پرندے جمع ہو جاتے ہیں، لاہور میں پرندوں کا مسئلہ بہت زیادہ ہے، پرندوں کی وجہ سے لاہور ائیرپورٹ کا رن وے2 ماہ صبح 6 سے8 بجے تک بند رکھا گیا کیونکہ چیل اگر انجن میں چلی جائے تو جہاز تباہ ہوسکتا ہے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ جوبلڈنگ کے ہائٹس کےقوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ان کے خلاف صوبائی حکومتوں کو لکھتے ہیں، کراچی میں تین 4 عمارتوں کے خلاف سندھ حکومت کو لکھا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی جب کہ چیف سیکرٹری سندھ، ضلعی انتظامیہ سندھ کی جانب سے بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلڈنگ لا کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، سول ایوی ایشن کوئی ایکشن نہیں لے سکتا، کراچی کے ایک بلڈر نے خلاف قانون تین بلڈنگز بنا رکھی ہیں،بلڈر نے میرے خلاف ایف آئی آر بھی کروائی تھی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوگیا تو ہم دنیا میں اس کا دفاع نہیں کرسکیں گے۔