اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، سابق وزیراعظم کے وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت کا توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدم دستیابی پر سماعت نہیں ہوسکی۔
بیرسٹرگوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عمران خان کے حاضری سےاستثنیٰ کی مخالفت کی۔
بعدازاں اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونیوالی سماعت میں عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
گزشتہ روز سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے سابق وزیراعظم کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی تھی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہوئے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 2 روز کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 8 اپریل کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
جج کے ملزم سے متعلق استفسار کرنے پر وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ کی درخواست کا بتایا۔
جج ہمایوں دلاورنے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے کہ آپ کریمنل کے وکیل ہیں، 7 ماہ سے کیس التواء کا شکار ہے، کبھی ایسا دیکھا 7 ماہ سے کیس چل رہا ہے اور ملزم صرف ایک بار عدالت آیا ہو؟
عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔