پشاو(آئی پی ایس)عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں شامل اپنے وزیرصنعت عدنان جلیل کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے نگران وزیراعلیٰ کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
اے این پی کے ذرائع کا کہنا ہے عوامی مفاد کے بجائے عدنان جلیل کا زیادہ ترجھکاؤ گورنرکی طرف ہے، عدنان جلیل خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں آڈٹ کرانا چاہتے تھے اور انہوں نے کمپنی کے سی ای او کو سوالنامہ بھیجا تھا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔
عدنان جلیل کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدنان جلیل پر اس معاملے کو نہ چھیڑنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدنان جلیل کی جگہ مشیرکھیل مطیع اللہ مروت کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کہ اے این پی کے اشرف داوڑ کو بھی نگران کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔