لاہور(آئی پی ایس) پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بد عنوانی کے کیس میں سابق وزیر اعلی پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار پر جیل حکام کے اعتراض عائد کرنے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
جیل حکام نے اعتراضات عائد کرتے ہوئے درخواست اینٹی کرپشن کورٹ میں دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ عدالت کا مشروط حکم سمجھ نہیں آ رہا وضاحت کی جائے، اینٹی کرپشن عدالت نے جیل حکام کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اینٹی کرپشن عدالت کے سپیشل جج علی رضا اعوان نے کیمپ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا، عدالت کی جانب سے سی ای او اینٹی کرپشن رضوان نواز کو بھی شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔
عدالت نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور سی ای او اینٹی کرپشن کو آج ہی عدالت طلب کر لیا، عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا آپ نے روبکار جاری ہونے کے باجود ملزم کو رہا کیوں نہیں کیا وضاحت کریں۔
واضح رہے اینٹی کرپشن عدالت نے پرویز الہٰی کی ضمانت کو جسمانی ریمانڈ کیلئے اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ سے مشروط کیا تھا۔