لاہور(آئی پی ایس) مختلف سیاسی شخصیات کا استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، شیخوپورہ سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے علی عباس گل آغا بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔
علی عباس گل آغا نے پارٹی صدرعبدالعلیم خان سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ہے، عبدالعلیم خان نےعلی عباس گل کے پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے مفاد کا بھرپور تحفظ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح ہے، ملک و قوم کے گزشتہ 5 برس ضائع ہوئے، 9 مئی تشدد کی علامت کا دن بن چکا۔
عبدالعلیم خان نے کہا عام آدمی ملک میں نئی قیادت اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے، استحکام پاکستان پارٹی عوامی امنگوں کےعین مطابق منشور لائے گی، دعوے نہیں عمل کر کے دکھائیں گے، تاخیر کا ازالہ کیا جائے گا، پارٹی کے دروازے کھلے ہیں، ہرمحب وطن کو ساتھ لے کرچلیں گے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر سے اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہوں گی، مہنگائی، بیروزگاری، امن وامان اور دہشتگردی جیسے مسائل حل کرینگے، آج بھی پختہ ارادے اور اہل قیادت کیساتھ بحرانوں سے نکل سکتے ہیں۔
علی عباس گل نے جہانگیرترین اورعبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا ہے، انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی موجودہ حالات میں واحد حل اور بہترین آپشن ہے، سابق صوبائی وزراء اور پارٹی رہنما میاں خالد محمود اور سعید اکبر نوانی بھی موجود تھے۔