اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 6 بہنوں کااکلوتا بھائی جاں بحق

کراچی (آئی پی ایس)قائد آبادکےعلاقےنیومظفرآباد کالونی میں لوٹ مارکی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا نوجوان2 بچوں کا باپ ،6 بہنوں کااکلوتا بھائی اوربوڑھے والد کا واحد سہارا تھا۔

مقتول نوجوان کے کزن کا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث ملزمان نے ایک ہی وقت میں سات وارداتیں کی ہیں لیکن انہیں پکڑنے والا کوئی نہیں تھا ، پولیس نے اگر 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار نہ کیا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔۔

اتوارکی شب قائد آباد تھانےکےعلاقےنیومظفرآباد کالونی میں لوٹ مارکی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوکردم توڑجانے والا 26 سالہ نوجوان احسان اللہ ولد فضل وہاب 2 بچوں کا باپ اور6 بہنوں کا اکلوتا بھائی اوربوڑھے والد کا واحد سہارا تھا۔

مقتول نوجوان کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اوربیٹا 12 جماعتیں اور قرآن پاک پڑھا ہوا تھا اور گودام چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا تھا۔

ا نہوں نے بتایا کہ اتوارکی شب بیٹا بھانجے کی شادی کی تقریب میں شرکت کر کے گھر آنے کے بعد اپنے بچے کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل سوار2 مسلح ملزمان آئے جنہیں دیکھ کران کا بیٹا گلی میں بھاگا توملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔

مقتول نوجوان کے والد نےاعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کو فل الفورگرفتار کیا جائے ان کا بیٹا تواس دنیا سے چلا گیا دوسروں کے بچے محفوظ رہ سکیں۔

مقتول نوجوان کے چچا نے بتایا کہ ان کا بھتیجا انتہائی شریف اورملنسار تھا اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھا ، صرف والد کی خدمت، بہنوں اوراپنے بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتا تھا۔ در یں اثناء مقتول نوجوان کی نماز جنازہ نیومظفرآباد کالونی میں واقع رحمانیہ مسجد میں ادا کی گئی اورمقتول کو مسجد سے متصل قبرستان میں ہی آہوں اورسسکیوں پرسپرد خاک کردیا گیا ۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker