سیالکوٹ(آئی پی ایس)وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا ہے کہ کس طرح چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو حکومت چلانے میں آسانیاں پیدا کیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت پراکسی کے ذریعے پروپیگنڈا کر رہے ہیں، 9 مئی کو جو ان لوگوں نے کیا، اللہ کے فضل سے ناکام ہوا، ناکامی کے بعد دوبارہ یہ پلان پراکسی کے ذریعے لانچ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا پچھلے سال سے چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی یتیمی تنگ کر رہی ہے،عدم اعتماد کے بعد یہ اپوزیشن میں بیٹھ جاتے تو کیا ہماری گورنمنٹ 14ماہ چل سکتی تھی؟ اسمبلیاں توڑی گئیں تو ہمارے لیے آسانی پیدا ہوئی، اس شخص کو سیاست کی زیر زبر معلوم نہیں، اس شخص نے آرمی چیف کی تقرری پر بھی تماشا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل آئی ایم ایف کے ساتھ زوم پر جو لوگ تھے سب مفرور ہیں، ہم پر بھی مشکل وقت آیا، ہم نے عزت آبرو سےکاٹا، خدشہ ہے یہ شخص یہاں رکےگا نہیں، یہ انتہائی ڈپریسڈ شخص ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا مصیبت یہ ہے کہ اب ان کو کوئی گود لینے کو تیار نہیں ہے، ان کے خلاف ضرور اقدامات کئے جائیں گے، یہ ملک کے خلاف کھیل کھیل رہے ہیں۔