
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہباز شریف نےآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ،سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے
۔انہوں نے کہاکہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔