
واشنگٹن (آئی پی ایس) روس سے لڑائی کے لیے امریکا نے یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس نے بائیڈن حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلسٹر بموں سے بچوں اور عام شہریوں کو خطرات ہوں گے۔
بائیڈن نے اسے مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے بھی بات کی تھی، یوکرین کے پاس اسلحہ ختم ہورہا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ اس تنازع میں یوکرین کو بے دفاع نہیں چھوڑے گا، یوکرین کو کلسٹر گولہ بارود کی ترسیل اس کے جوابی حملے کیلئے موزوں وقت کے مطابق ہوگی۔
نائب وزیر دفاع نے کہا کہ کلسٹر بموں کے غیر ذمہ دارانہ استعمال روکنے کے لئے یوکرین سے رابطے میں ہیں۔
دوسری طرف ہیومن رائٹس واچ نے روس اور یوکرین سے کلسٹر گولہ بارود کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا اور امریکہ پر زور دیا کہ کلسٹر گولہ بارود کیف کو فراہم نہ کیا جائے۔