
کراچی (آئی پی ایس) دورہ سری لنکا کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی کے گھر کا رخ کرلیا۔
قومی تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے گزشتہ شب کراچی میں سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کے گھر کا رخ کیا اور مہمان خانے میں ان کے ساتھ گپ شپ کرنے کے ساتھ بڑی صاحبزادی کی رخصتی کی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور شاہد آفریدی سنوکر کھیلتے ہوئے بھی دیکھائی دیئے، جس میں سابق کرکٹر نے موجودہ کپتان کو شکست دی۔
قومی کھلاڑیوں میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق سمیت دیگر کرکٹرز نے لالا کے ساتھ وقت گزارا جبکہ آفریدی نے بابراعظم کو حج کی مبارکباد کے ساتھ دورہ سری لنکا کیلئےنیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔