
ماکنڈ(آئی پی ایس)ملاکنڈ میں مبینہ رشتے کے تنازعے پر ایک مکان میں گھس کر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مقامی لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ کے نواحی علاقے بگردرہ خار میں مبینہ رشتے کے تنازعے پر مسلح افراد نے ایک مکان میں گھس کر محو خواب افراد پر شدید فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین، دو بچے اور تین مرد شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسن شاہ، حبیب الحرم، رابعہ بی بی، حضرہ بی بی، حضرت رقیہ بی بی، حضرت علی، حضرت بلال، ضحران اور صائمہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز کے نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جو بعدازاں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد خان کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ رشتے کے تنازعے کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔
ملاکنڈ لیویز نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ علاقے میں ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ واقعہ پیش آنے کے بعد اہل علاقہ بہت افسردہ ہیں اور علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
دوسری جانب ملاکنڈ میں9 افرادکےقتل پرورثانے پیران چوک میں احتجاج کیا،ملزمان نے گرفتاری تک لاشوں کو دفنانے سے انکارکیا،
اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد خان نے بتایا کہ تین ملزمان بریکوٹ سے گرفتارکرچکے ہیں ،ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل برآمدکیاہے،ملزمان کواج میڈیاکے سامنے پیش کرینگے۔انتظامیہ کی یقین دہانی پراحتجاج ختم کردیا گیا۔