کھیل

بھارتی پلیئر پاکستانی معاملات میں ٹانگ اڑانے لگے

کراچی(آئی پی ایس) پاکستانی معاملات میں بھارتی کرکٹر بھی ٹانگ اڑانے لگے جبکہ ورلڈکپ وینیوز میں تبدیلی کی ممکنہ درخواست پر ایشون نے اپنی ’قیمتی‘ رائے پیش کردی۔

پاکستان کرکٹ کے معاملات میں بھارت کے حاضر سروس کرکٹرز بھی مداخلت کرنے لگے ہیں، سپنر روی چندرن ایشون نے کہا کہ وینیو تبدیلی سے متعلق پی سی بی کی درخواست قبول ہونے کا امکان نہیں ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کا مجوزہ شیڈول فیڈ بیک کیلئےتمام ممبر ممالک کو بھیجا تھا، رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے اس میں سے اپنے کچھ مقابلوں کے وینیوز پر اعتراض کیا، ان میں افغانستان سے میچ بھی شامل ہے۔

مجوزہ شیڈول کے تحت پاکستان کو آسٹریلیا سے بنگلورو جبکہ افغانستان سے چنئی میں مقابلہ کرنا ہے ،البتہ ڈیٹا کی بنیاد پر پی سی بی چاہتا ہے کہ افغانستان کا میچ بنگلورو اور آسٹریلیا کا چنئی میں منعقد کیا جائے تاکہ دونوں مقابلوں میں کنڈیشنز ٹیم کے حق میں ہوں۔

ایشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ پاکستان نے اپنی درخواست میں کہا کہ چنئی میں کنڈیشنز افغانستان کیلیے سازگار ہوں گی اس لیے وہ وینیو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ اپنے لئے ایڈوانٹیج حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان کی یہ درخواست قبول کرلی جائے گی۔

آف سپنر نے مزید کہا کہ اگر پی سی بی سکیورٹی کو بنیاد بناتا تو شاید اس کا مقصد حاصل ہو جاتا جس طرح 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کردیا گیا تھا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker