
کراچی( آئی پی ایس ) قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف گورننگ بورڈ میں کرکٹ کے فیصلے کرنے والوں پر پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں سیاسی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ ملک کے جنرل الیکشن میں کچھ نہیں ہوتا جو کرکٹ الیکشن میں ہوتا ہے ،کرکٹ کے الیکشن میں اندھا پیسا چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں نچلی سطح پر الیکشن ہوتے ہیں جبکہ اوپر سلیکشن ہوتی ہے، چیئرمین پی سی بی کیلئے جو 2 نام د ئیے ان کی سلیکشن ہوئی ہے ،پاکستان میں کرکٹ کے سسٹم کو درست کرناپڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر بھی ڈمی الیکشن ہوتے ہیں، ان الیکشن میں کبھی کوئی کرکٹر منتخب نہیں ہوتا، پی سی بی کے گورننگ بورڈ میں بھی کرکٹر نہیں ہوتے
انہوں نے مزید کہا کہ بی او جی میں ادارے کا نمائندہ ہو ں لیکن وہ اس ادارے کا کرکٹر ہونا چاہیے، بھارت میں گنگولی بنگال کا اور انیل کمبلے کرناٹک کا ذمہ دار بنتا ہے، پاکستان میں کرکٹرز کو آگے نہیں لایا جاتا، سب کو چیئرمین پی سی بی کی کرسی چاہیے، دیگر کھیلوں کی طرف کیوں نہیں جاتے ۔
سابق کرکٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عمل دخل صرف کرکٹ میں ہی کیوں ہاکی فٹبال بیڈمنٹن جیسے کھیل میں کیوں نہیں ، سب کو کرکٹ ہی میں کیوں آنا ہے یہ سوچنے والی بات ہے، کراچی لاہور یہ کسی بھی شہر کا صدر ٹیسٹ کرکٹر کیوں نہیں ہوتا۔





