اسلام آباد (آئی پی ایس ) پی ٹی آئی کے دو سابق وفاقی وزرا ءشاہ محمود قریشی اور اسد عمر 9 مئی ہنگامہ آرائی کیسز میں درخواست ضمانت پر عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف لینے میں ناکام ہوگئے۔
عدالت نے دونوں پی ٹی آئی ر ہنماوں کو پیش ہونے کیلئے کل تک کے لئے مزید مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزرا ءشاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی نو مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پٹیشنرز کے وکیل علی بخاری نے بتایا کہ دونوں رہنما ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلئے صبح ساڑھے سات بجے آئے مگر پولیس نے دونوں کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا، پولیس نے ہائیکورٹ کے دروازے بند کر د ئیے تو وہ واپس لوٹ گئے۔ عدالت ہائی کورٹ گیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لے۔
عدالت نے وکیل کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو کل تک پیش ہونے کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے دو روز قبل شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت درخواستیں خارج کر دی تھیں اور انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔