اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کے گھر پر چھاپے کے دوران ملازمین پر تشدد کیا گیا، پولیس شیخ رشید کے گھر سے 2 گاڑیاں بھی ساتھ لے گئی۔
شیخ رشید کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے اور گھر پر چھاپے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات د ئیے جائیں۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کے دلائل کے بعد آئی جی اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ کوہسار کونوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمات اورپولیس چھاپے کی تفصیلات طلب کر لیں۔