اسلام آباد (آئی پی ایس)وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ ہندوستان سے تیل لینے کی خبریں بنیاد ہیں، ہندوستان کروڈ آئل پیدا ہی نہیں کرتا، ہم نے روس سے ریفائن نہیں کروڈ تیل لیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرمملکت مصدق ملک نے کہا کہ وسط ایشیا دنیا کا انرجی کیپٹل ہےترکمانستان کی گیس اس وقت قید ہے، ترکمانستان کی گیس، پائپ لائن کے ذریعے پاکستان آ سکتی ہے۔ جس جس کو ایل این جی چاہیے یہاں کارخانے لگائے۔
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان انرجی کی ایک راہداری بن سکتا، یہ تجاویز میں نے باکو کانفرنس میں دی ہیں ، ایک طرف ایل این جی اوردوسری طرف گیس دنیا کو فراہم ہوسکتی ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ معاشی غیر یقینی صورتحال کے سبب ایل این جی کی بولی نہ مل سکی، ملک کے پاس زرمبادلہ ذخائر کی کمی ہے، جب بھی بڈنگ ہو ایسے مسائل پیش آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے اختلاف رائے ضرور ہے مگر تلخ کلامی کی خبریں بے بنیاد ہیں، میری ذاتی رائے میں ایل این جی خریداری کے لیے جی ٹو جی معاہدہ ہونا چاہیئے، آذربائجان کی سرکاری کمپنی سوکار سے ایک سال کا معاہدہ کیا ہے۔ ترکمانستان سے گیس یورپ پہنچانے کے لیے گوادر پر ایل این جی ٹرمینل بنانے کی پیشکش کی ہے۔