
بیجنگ (آئی پی ایس) امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے صدر شی جن پنگ کو ڈکٹیٹر کہنے پر چین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کی سخت مخالفت کرتے ہیں، امریکا کے ریمارکس انتہائی مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی صدرکا بیان بنیادی حقائق، سفارتی پروٹوکول اور چین کے سیاسی وقارکی سنگین خلاف ورزی ہے، چینی صدرکو ڈکٹیٹرقرار دینا چین کے سیاسی وقارکی سنگین خلاف ورزی اور کھلی سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔
منگل کی رات کو ہونے والی تقریب میں جوبائیڈن نے کہا کہ چینی صدر حالیہ جاسوس غبارے کے معاملے پر شرمندہ ہوئے ہیں جو امریکا کی فضا میں جاسوسی کی غرض سے موجود تھا اور یہی وجہ ہے کہ چین صدر بہت اپ سیٹ ہیں، جب ہم نے اس غبارے کو نشانہ بنایا تو اس میں جاسوسی کے آلات موجود تھے، یہ ایک ڈکٹیٹر کے لئےبہت بڑی شرمندگی ہے کہ اسے یہ نہیں پتہ تھا کہ کیا ہوا ہے۔