لاہور (آئی پی ایس) لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کے درمیان طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری سے متعلق ایئر لائنز کی شکایات پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نئی ہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے کو لاہور فلائٹ ریجن کے 100 ناٹیکل میلز کے درمیان طیاروں کے جی پی ایس سگنل کا مسئلہ رپورٹ ہوا تھا، کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کے کچھ حصوں میں بھی طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شکایات موصول ہونے پر تمام فضائی کمپنیوں کو اس حوالے سے نئی ہدایت جاری کردی ہیں۔
سی اے اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جی پی ایس سگنل میں دشواری پر تمام پائلٹ فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو رپورٹ کریں، جی پی ایس سگنل میں دشواری سے متعلق ایئر ٹریفک کنٹرول کو تفصیلات کے ساتھ فوری آگاہی دی جائے۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل بھی کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے درمیان طیاروں کے جی پی ایس سگنل کا مسئلہ رپورٹ ہوا تھا۔