
اسلام آباد(آئی پی ایس) توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کردیئے گئے، ای سی پی کے 4 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر نثار درانی سمیت 4 رکنی بنچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ تمام فریقین کی جانب سے پیش ہوا ہوں، گزشتہ آرڈر نہیں ملا۔
جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ جوابدہ تو آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا، جس پر فیصل چودھری نے کہا کہ ان کی غیر حاضری کی درخواست جمع کرا رہا ہوں۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 11 جولائی تک ملتوی کردی۔