
اسلام آباد(آئی پی ایس) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔اسلام آباد میں ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے مل کر طریقہ کار طےکیا ہے، توہین مذہب کی روک تھام کیلئے مشاورت سے ایک لائحہ عمل تک پہنچے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے، ایک بے گناہ خاتون کو نہ صرف غلط سزا دی گئی اور قید میں بھی رکھا گیا ہے۔
پاکستان کے حالات پر کانگریس ارکان کو خط لکھنے والے ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بھی دیکھیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط بھی لکھے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کا ایک مطالبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی تھا، پٹرول کی قیمتوں سے متعلق طریقہ کار ٹی ایل پی کے سامنے رکھا، اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہےکہ پٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی آئےگی۔
ٹی ایل پی اور حکومت کےدرمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں۔اس موقع پر ٹی ایل پی رہنما شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، ہمارے مطالبات میں تحفظ ناموس سالت،مہنگائی کا خاتمہ اور ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ شامل تھا، ہم نے اپنے مطالبات کیلئے پھر امن مارچ کیا۔شفیق امینی نے کہا کہ رانا ثنا ءاللہ کا شکریہ کہ انہوں نے لاکھوں لوگوں کے جذبات کی قدر کی اور ہمارے مطالبات مانے گئے۔ا نہوں نے کہا کہ غریبوں کی زندگی آسان کرنا ٹی ایل پی کا منشور ہے ۔