
نئی دہلی (آئی پی ایس)سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے شیڈول پر سوالات اُٹھا دیئے۔
سابق بھارتی کھلاڑی نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نہ رکھوانے پر سوال اُٹھایا کہ دونوں ممالک روایتی حریف ہیں اور ا ن کے میچوں کو بڑے ٹورنامنٹس میں آئی سی سی خوب کمائی کیلئے استعمال کرتا ہے لیکن ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کوئی میچ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تناؤ کے باعث دونوں ٹیمیں دو طرفہ سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آتیں تاہم آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچز کو شیڈول رکھا جاتا ہے کہ لوگوں کی توجہ اور کمائی کا ذریعہ بنایا جاسکے۔آکاش چوپڑا نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ابتدائی دو سائیکل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی ٹیسٹ میچ نہیں رکھا جبکہ سال 2023 سے 2025 کے درمیان بھی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹیسٹ میچز کھیلنے سے محروم رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہیے کہ پہلا یا دوسرا میچ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان رکھے تاکہ ٹورنامنٹ کی شروعات اچھی ہوں جس سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ریٹنگ بھی اوپر جائے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ آئی سی سی کے دائرہ کار میں آتا ہے اس لئے تمام میچز کا ذمہ انہیں کا ہونا چاہیے۔