تجارت

مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے،احسن ظفر بختاوری

آئی ٹی،زراعت،سولر انرجی،کنسٹرکشن جیسے شعبوں کیلئے مراعات میں اضافہ مثبت اقدام ہے،،صدر اسلام آباد چیمبر
حکومت کی جانب سے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ خوش آئند ہے،وفاقی بجٹ پر رد عمل
اسلام آباد()صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے،عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم،وزیر خزانہ اور پوری حکومت مبارکباد کی مستحق ہے،آئی ٹی،زراعت،سولر انرجی،کنسٹرکشن جیسے شعبوں کیلئے مراعات میں اضافہ مثبت اقدام ہے،بجٹ میں تاجروں اوربزنس کمیونٹی کیلئے بھی ریلیف دیا گیا ہے،توانائی کے شعبے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات خوش آئند ہیں، امید ہے اس بجٹ کی بنیاد پر آئندہ کا مالی سال پاکستان کیلئے زیادہ متوازن اور ترقی کی راہیں کھولے گا۔حکومت معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام پر توجہ دے،انارکی اور غیر متوقع حالات کاروبار کیلئے ٹھیک نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیے گئی بجٹ تجاویز پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں معاشی بحالی کیلئے متعدد اہم اعلانات کیے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ بیرون ملک سے ڈالر ز پاکستان لانے کے حوالے سے پالیسی بھی حوصلہ افزاء ہے۔زراعت پاکستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ زراعت کے لئے جو مراعات دی گئی ہیں اس کو سراہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستانی معیشت کیلئے مشکل ترین سال تھا،جہاں ایک طرف سیلاب کی تباہی نے معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا وہیں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے بھی ملک کو بہت نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر سمیت پورے ملک کی بزنس کمیونٹی چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ کرتی ہے،اگر پالیسوں میں تسلسل نہیں ہوگا بہترین پالیسی بھی فائدہ مند نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں کمی کیلئے حکومت نے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں جس سے تجارتی خسارہ 17 بلین ڈالر سے کم ہو کر 4 بلین ڈالر رہ گیا ہے یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔آئی ٹی سیکٹر میں ماضی میں توجہ نہیں دی گئی،حکومت نے اس سیکٹر میں انٹر پینورشپ کیلئے جن اقدامات کا اعلان کیا ہے ان کے نتائج آنے والے سالوں میں نظرآئیں گے۔انہوں نے کہا کہ توانائی پاکستان کا سنگین مسئلہ ہے،ہمیں مہنگی بجلی پیدا کرنے کے بجائے دیگر ذرائع پر توجہ دینے کی ضررت ہے۔حکومت نے سولر پینل اور اور اس کے را میٹریل پر ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جو خوش آئندہے،تمام سرکاری عمارتوں کو فوری طور پر سولر پر منتقل کرنے کیلئے قابل عمل پالیسی سامنے لانے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا سال ترقی کا سال ہے، تمام انڈسٹریز پرکوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، ہم بطور تاجر اس بجٹ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر چیمبر انجینئر اظہر السلام نے کہا کہ بجٹ میں سروس سیکٹر کیلئے مراعات کا اعلان خوش آئند ہے،حکومت کو نوجوانوں پر مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔حکومت ایل سیز کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے پائیدار اقدمات کا اعلان کرے۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ بجٹ میں کافی مراعات دی گئی ہیں، ہم مزید تاجر دوست اقدامات کی توقع کرتے ہیں۔حکومت تاجروں کے حوالے سے پالیسی سازی میں سٹیک ہولڈرز کی رائے کو شامل کرے۔اس موقع پر صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز سجاد سرور،اسلام آباد ویمن چیمبر کی صدر رضوانہ آصف اور الیاس قاضی نے بھی بجٹ کو مشکل حالات میں مثبت قرار دیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker