اسلام آباد(آئی پی ایس)ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، نئے بجٹ میں فنانس بل کے ذریعے اہم قوانین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈالر اور دیگر کرنسی کی ذخیرہ اندوزی پر سزا دینے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت غیر ملکی کرنسی کی ذخیرہ اندوزی پر قید اور جرمانے کی سزا کیلئے قانون سازی ہوگی۔
نئے قانون کا اطلاق غیر ملکی کرنسی کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے اداروں اور افراد پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر ملکی کرنسی لانے کی حد بڑھانے کیلئے بھی قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں جس کے تحت بیرون ملک سے آنیوالے ایک سال کے دوران ایک لاکھ ڈالر تک ساتھ لا سکیں گے، ملک میں ایک لاکھ ڈالر تک لانے والوں سے آمدن کا ذریعہ نہیں پوچھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ذریعہ آمدن ظاہر کئے بغیر 50 لاکھ روپے مالیت کی کرنسی پاکستان لانے کی اجازت ہے۔