
اسلام آباد(آئی پی ایس)توشہ خانہ کی قیمتی گھڑی بیچنے کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت دیگر کیخلاف نوسربازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، شہزاد اکبر، زلفی بخاری اور فرح گوگی سمیت دیگر کیخلاف تھانہ کوہسار میں نوسربازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
توشہ خان کی گھڑی بیچنے کے معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین سمیت دیگر کیخلاف ایف آئی آر گھڑیوں کے مقامی تاجر کی درخواست پر درج کی گئی۔
عمران خان اور دیگر کیخلاف ایف آئی آر میں جعلی رسید، فراڈ اور دھوکا دہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
عمران خان کی نااہلی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اکتوبر 2022ء میں توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا تاہم ان کی نااہلی صرف اس دور کی اسمبلی کی حد تک تھی، وہ تاحیات نااہلی سے بچ گئے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محسن شاہنواز رانجھا اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس 4 جولائی کو جمع کروایا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے وصول تحائف کو فروخت کیا اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا، سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ سے تحائف کی خریداری کو دانستہ طور پر چھپایا۔