
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر ورکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان سے سید رضوان ہاشمی صدر پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں محمود بشیر کھوکھر ، طاہر محمود ، عمران کھٹانہ شامل تھے۔اس موقع پر موجودہ سیاسی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورفیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک پارٹی کی ازسر نوتنظیم سازی کی جائے گی اور اسے مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔مسز فرخ خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں متحد اور منظم ہے ،آئندہ انتخابات میں مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین نے کہا پنجاب میں چودھری سرور کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملی ہے،آنے والے دنوں میں مزید لوگوں کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم مسلم لیگی کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں ،انہوں نے برطانیہ میں پارٹی کو فعال رکھنے پر رضوان ہاشمی کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ وفد کے ارکان نے مسز فرخ خان کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا۔سید رضوان ہاشمی نے 9مئی کے پرتشدد واقعات پر افسوس کااظہار کیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں ۔