راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کو قوم کی توہین کرنے والوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر گوجرانوالہ نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہدا کا دورہ کیا اور پھول بھی چڑھائے۔
اپنے دورہ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کی لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور پراپیگنڈا وار فئیر سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیاری پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاست اورمسلح افواج تمام شہدا اور اہل خانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت، وقار کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کا احترام عوام کے دلوں میں ہمیشہ قائم رہے گا، کسی کو شہدا اور ان کی یادگاروں کی بے حرمتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائی گی۔