
اسلام آباد(آئی پی ایس)تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جناح ہاوس پر حملے کا دکھ ہوا اس طرح کی حرکتوں پر پابندی لگنی چاہیے،تمام حملہ آور پی ٹی آئی کے کارکن تھے، یہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اور عمران خان کا کردار ہے، امید ہے پلان کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ اس لیے تھے کہ نیا پاکستان بنائیں گے، تحریک انصاف کو اپنی زندگی کے 10 سال دیے لیکن اب عمران خان کے ساتھ میرا کنکشن ٹوٹ چکا ہے اور میری عمران خان سے دوستی دو سال پہلے ختم ہوچکی۔
انہوں نے کہاکہ جناح ہاوس پر حملے کا بہت افسوس اور دکھ ہوا اس طرح کی حرکتوں پرپابندی ہونی چاہیے، ملک میں ہونے والے جلا وگھیراو پر افسوس ہے، جناح ہاوس کے ساتھ یہ کیا گیا، یہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ جناح ہاوس پر حملہ کرے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بھٹو، بینظیر اور نواز شریف کو سزائیں ملیں لیکن ایسا کسی نے نہیں کیا، جن لوگوں نے یہ اقدامات کیے ہیں ان کوکیفرکردار تک پہنچانا چاہیے۔