وزیراعلی کے پی نے صوفی محمد کی کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو پارٹی میں شامل کیا، وہ دہشت گرد 8 سال جیل کاٹ چکا ہے، اب ایسے لوگ زمان پارک میں موجود ہیں،، تحریک انصاف کو حوالگی کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم ، جب فیصلہ کر لیا تو پھر عمران خان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا جائے گا: عامر میر نے آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انکشاف
لاہور: نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، تحریک انصاف کو حوالگی کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں چاہتے ہیں کہ جانی نقصان نہ ہو لیکن جب فیصلہ کر لیا تو پھر عمران خان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا جائے گا۔ نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ سابق وزیراعلی کے پی نے صوفی محمد کی کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو پارٹی میں شامل کیا، وہ دہشت گرد 8 سال جیل کاٹ چکا ہے، اب ایسے لوگ زمان پارک میں موجود ہیں۔گزشتہ روز نگران وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو گا۔795 حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہیں ۔ تحریک انصاف کو پیغام دیا ہے کہ آرمی تنصیبات پر حملے میں ملوث 30 سے 40 دہشت گرد زمان پارک میں موجود ہیں، تحریک انصاف کو حوالگی کیلئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں، ورنہ وہ کریں گے جو قانون کہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف غیر ریاستی عنصر کا روپ دھار چکی ہے۔ عمران خان نے گرفتاری سے قبل ویڈیو بیان میں دھمکی دی، بعد میں گرفتار ہوئے تو عمران خان نے اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دی۔ لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا گیا، عمران خان کی گرفتاری کو ایسے پیش کیا گیا کہ ان کیلئے کوئی قانون نہیں ہے۔ عمران خان مسلسل فوج اور اس کی قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حملوں میں ملوث افراد کی تصاویر نادرا کو بھیج رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لیے ملک میں کوئی قانون نہیں۔نگراں وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگی۔
خبرنمبر02…… 17 مئی 2023……
نیب کا بلاوا آ گیا شکرہے عمران خان کے ساتھ شامل کر لیا، شیخ رشید
اسلام آباد(اے این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیب نے انہیں 190 ملیں پاونڈ کیس میں 24 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ شکر ہے نیب نے انہیں عمران خان کے ساتھ اس کیس میں شامل کرلیاہے۔میری والدہ کے گھر اور اسلام آباد والے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں ،پولیس والے خواتین کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے ٹوئٹر کا استعمال کیا تھا مگر طاقت کا اب اندازہ ہوا، جب تک وہ گرفتار نہیں ہوتے ، وہ دن میں دو بار ٹویٹر استعمال کریں گے، میں اپنی جنگ آئین اور قانون کے مطابق لڑوں گا۔عدلیہ اس جنگ میں جیتے گی،کرائے کے لائے گئے لوگ واپس چلے گئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ 15جون سے پہلے فیصلے آئیں گے ، حق اور سچ کی فتح ہوگی ، عوام جیتیں گے ، انہوں نے بستر باندھ لیا ہے، وہ چٹان کی طرح ڈٹے رہیں گے ،جیل میرا سسرال ہے،صرف یہ بتائیں کونسے کیس میں گرفتار کروگے۔