کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے خلاف مذمتی قرارداد رکن اسمبلی ظہور بلیدی نے پیش کی جسے پینل آف چیئرمین نے بحث کیلئے منظور کر لیا، قرارداد میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے حساس سرکاری و نجی املاک پر حملوں اور پرتشدد احتجاج کی مذمت کرتے ہیں۔
رکن اسمبلی ظہور بلیدی نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر کار فرما ہیں، 75 سالوں میں ملک دشمنوں نے طرح طرح کی سازشیں کیں، کبھی کسی نے نظریاتی اور سرحدی محافظوں کو نشانہ نہیں بنایا، ملک کو تباہ کرنے کی گھنانی سازش کی گئی، املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئے، ملک کے وقار سے کھیلا جا رہا ہے، دہشتگردوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملنی چاہئے، رکن اسمبلی اختر لانگو نے کہا کہ عدلیہ نے دوہرے معیار کو ثابت کر دیا، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ چیف جسٹس متنازع ہونے پر مستعفی ہو جائیں۔