
اسلام آباد(آئی پی ایس)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہےکہ میں دوبارہ بھی جیل جانے کے لیے تیار ہوں، گرفتاری کے وقت اچانک کچھ لوگ کمانڈوز کی طرح آئے، میں سمجھا میری حفاظت کے لیے آئے ہیں۔
غیرملکی چینل کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جان کو لاحق خطرات کے سبب جج نے میری حفاظت کے احکامات دیے، جس طرح انہوں نے سب کو مارا پیٹا اور مجھے گرفتار کیا وہ حیران کن تھا، آج تک کسی سیاست دان پر 150 مقدمات نہیں ہوئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کم ترین سطح پر ہے، بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، پولیس والے میرےگھرکا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے، عدلیہ واحد امید ہے۔عمران خان نے کہا کہ کسی ملک میں سب سے بڑی جماعت کی اعلیٰ قیادت کو اس طرح پکڑا یانظربند کیا جاتا ہے، حکومت نے اسلام آباد سے مجھے ایسے پکڑا جیسے میں کوئی دہشتگردہوں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت خوفزدہ ہے انہیں الیکشن میں شکست کا ڈر ہے، حکومت کا منصوبہ ہے مجھے اور میری جماعت کو انتخابات سے باہر کیا جائے۔ انہیں پتہ ہے ان کا صفایا ہوجائےگا، موجودہ حکمران انتخابات میرے جیل میں ہونے یا مارے جانےکی صورت میں کرانا چاہتےہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے مارنے کی دوبارکوشش کی جاچکی ہے، میں ہرطرح کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔