
براہ راست پروازوں کیلئے پاکستان قازستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ احسن بختاوری
اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا قازستان سفارتخانے کا دورہ
اسلام آباد ( ) قازقستان پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیر یرزن کستافین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں قازقستان سفارتخانے کا دورہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں پر سفیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
سفیر نے وفد کو قازقستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے چیمبر کی طرف سے اپنا ایک وفد قازقستان لے جانے کے ارادے کا خیر مقدم کیا اور وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستان کو یور ایشیاء اور سنٹرل ایشیا ء کی مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے لہذا پاکستان کا ان کے ملک کے ساتھ قریبی تعاون دونوں کیلئے فائدہ مند ہو گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ قازقستان سنٹرل ایشیاء کا ایک اہم ملک ہے اورپاکستان اس کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان تعمیرات، زراعت، توانائی، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، سیاحت، انجینئرنگ، مشینری، بینکنگ اور فنانس سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں لہذا چیمبر اس سال جولائی میں اپنا ایک وفد قازقستان لے جانا چاہتا ہے تا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان براہ راست روابط قائم کر کے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کیا جائے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ڈائریکٹ فلائٹس شروع کرنے کیلئے قازقستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تا کہ جلد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو سکیں جس سے کاروباری تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں قازقستان کو میڈل ایسٹ سمیت دیگر مارکیٹوں تک مختصر ترین راستہ فراہم کرتی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے زمینی اور ریلوے روابط بھی قائم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان ایک دوسرے کو علاقائی مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے گیٹ وے کا کردار ادا کرتے ہیں جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں کو مزید قریبی تعاون قائم کرنا چاہیے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ قازقستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جبکہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک بڑی مارکیٹ ہے لہذا دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات دونوں کی معیشتوں کیلئے فائدہ مند نتائج کا باعث ہوں گے۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرظفر بختاوری، ڈاکٹر محمد عثمان اور امیر حمزہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و قازقستان کے درمیان براہ راست پروازوں کے اجراء کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔