
مظفرآباد(آئی پی ایس)آزادکشمیر سپریم کورٹ نے سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف اپیل خارج کردی۔
سردارتنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے توہین عدالت کیس میں آزادکشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کے خلاف پٹیشن سپریم کورٹ میں فائل کی تھی۔
آزادکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کا کہنا تھا کہ آپ دوبارہ اپیل کل لے کر آئیں، اپیل کا ٹائٹل درست نہیں، سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم لکھا گیا ہے۔
سردار تنویر الیاس کے وکلا سے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے؟ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سردار تنویر الیاس کو اپنی تقاریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر آزادکشمیر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے طلب کیا تھا۔
آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا۔
عدالت نے آزادکشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قرار دیا۔ آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔
آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے سردار تنویر الیاس کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب آزادکشمیر سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں تنویر الیاس کو تحریری جواب کے لیے 2 ہفتے کی مہلت دی ہے۔