علاقائی

دیگر سبزیوں کی طرح آلو بھی انسانی خوراک کا اہم جزو ہے،ارشد محمود خان

خانیوال(بیورو چیف)دیگر سبزیوں کی طرح آلو بھی انسانی خوراک کا اہم جزو ہے۔ اس میں معدنی نمکیات، وٹامنز، لحمیات، پانی اور فائبر کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ دیگر زرعی اجناس کے مقابلہ میں آلو کم دورانیہ میں فی ایکڑ زیادہ پیداوار مہیا کرنے کی صلاحیت کی حامل فصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار عمیر عمر ایگری اینڈ فروٹ فارم ارشد محمود خان سیال نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار عمیر عمر ایگری اینڈ فروٹ فارم ارشد محمود خان سیال نے آلو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ غذائیت سے بھر پور ہونے کی وجہ سے آلو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سٹریٹجک فصل کی حثیت اختیار کر چکا ہے

۔ اس اہمیت کے پیش نظر تحقیقاتی اداروں کے سائنسدانوں کو چاہئیے کہ وہ شبانہ روز کاوشوں کے ذریعے آلو کی ایسی نئی اقسام متعارف کروائیں جو بدلتے موسمی حالات یعنی کورے کا بہتر طور پر مقابلہ کرنے، پھپوندی، بیکٹیریل اور وائرسی بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت کی بھی حامل ہوں۔ ارشد محمود خان سیال نے بتایا کہ گذشتہ سال کی نسبت امسال آلو کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ اور نامساعد موسمی حالات کورے اور پچھیتے جھلسا کی بیماری کے باعث پیداوار میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 37 ممالک میں پاکستانی آلو برآمد کیا جا رہا ہے اور ہر سال پاکستانی آلو کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس سے قیمتی زرمبادلہ کا حصول ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے ادارہ شماریات پنجاب کے افسران پر زور دیا کہ وہ شماریاتی سروے کے عمل میں وسعت پیدا کر کے پنجاب میں آلو کا کل زیر کاشت رقبہ اور پیداوار کے حقیقی اعداد و شمار جاری کریں تاکہ ان اعداد و شمار کی روشنی میں ایکسپورٹ میں اضافہ کیلئے جامع پالیسی کو وضع کرنے میں مدد مل سکے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker