تجارت

مہنگائی کا’’ جن ‘‘بے قابو: آٹا ،چکن،گوشت،دالیں،چاول عوام کی پہنچ سے دور

پشاور(آئی پی ایس) ماہ رمضان میں چکن اور گوشت کے نرخوں کیساتھ ساتھ پشاور کے شہریوں کیلئے دالوں کا حصول بھی مشکل ہوگیا، قیمتوں میں کئی گنا اضافے سے خریدار پریشان ہیں۔رمضان المبارک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، دالیں بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوگئیں۔

چنے کی دال میں 20 روپے اضافہ ہوگیا، 260 روپے کلو فروخت ہونے لگی، 270 روپے کلو والا چاول بھی 70 روپے اضافے سے 340 روپے پر پہنچ گیا جبکہ فی کلو لوبیا 380 روپے کلو میں دستیاب ہے۔شہری جو چکن اور گوشت کی قیمتوں سے پہلے ہی پریشان تھے اب دالوں کی قیمتیں بڑھنے سے مزید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کارروائیوں کے باوجود گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہے،

رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اس بار سستے بازار بھی قائم نہیں ہوسکے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ پنجاب میں آٹے کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔اعداد وشمار کے مطابق نئے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 500 روپے بڑھ گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 20 کلو آٹے کا تھیلا500روپے مہنگا ہو کر 3 ہزار 200 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔فیصلے سے متعلق آٹا ڈیلرز کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ گندم کی فی من قمیت میں اضافے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔آٹا ڈیلرز کا بھی یہی کہنا ہے کہ پنجاب سے آٹے کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے صوبے میں آٹے کی قلت بھی ہوسکتی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker