
لاہور (آئی پی ایس) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد اور جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں توڑپھوڑ کے مقدمات میں ضمانت کیلئے رجوع کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت لینے کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونگے، عمران خان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ، گولڑہ اور رمنا میں مقدمات درج ہوئے تھے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹی کوارٹر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے ، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، صرف متعلقہ افراد کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی نے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔