تجارت

ہر مشکل گھڑی میں ترکی کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں،احسن بختاوری

اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے ترکی کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے چالیس لاکھ روپے کا ایک چیک ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پجاچی کو پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور بزنس کمیونٹی سمیت پوری پاکستانی قوم اس مشکل کھڑی میں ترکی کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال فروری میں ترکی میں ہونے والے تباہ کن زلزلے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا جس کی وجہ سے پوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری زلزلہ کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں ترکی کے عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کا بہترین دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکتوبر 2005 کے زلزلے اور 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ترکی نے جس طرح پاکستان کی بھرپور مدد کی پاکستانی قوم اس کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ترکی کے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے آئندہ بھی اپنا تعاون جاری رکھے گا تا کہ متاثرہ خاندانوں کو بحال کرنے میں چیمبر بھی اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے امور پر بھی ترکی کے سفیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پجاچی نے اس مشکل وقت میں ترکی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے اور زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی چیک پیش کرنے پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زلزلے کے بعد دل کھول کر متاثرین کیلئے امداد کرنے فراہم کرنے پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف فوری یر ملکی رہنما ہیں جنہوں نے تباہ کن زلزلے کے بعد ترکی کا دورہ کیا اور زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ترکی سے کتنی والہانہ محبت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی سیکڑوں ٹن امدادی سامان بشمول موسم سرما کے خیمے، کپڑے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء ترکی کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھیج چکا ہے اور اب بھی روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان ترکی بھیجا جا رہا ہے جس کے لیے پوری ترک قوم پاکستان کی شکر گزار ہے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اس قدرتی آفت نے پاکستان اور ترکی کو مزید قریب کر دیا ہے اور اس عزم کا اظہار کہا کہ دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے اور پاکستان و ترکی کے درمیان دوستانہ تعلقات دن بدن مضبوط ہوتے رہیں گے۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستانی عوام ترکی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ظفر بختاوری، رضوان چھینہ، روحیل انور بٹ، امین الرحمٰن، راجہ امتیاز عباسی، چوہدری جاوید اقبال، خالد محمود، ضیا الحق عباسی، محمد یحییٰ، شاہد عباسی اور دیگرنے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بحالی کے عمل میں ترکی کے زلزلہ متاثرین کی امداد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker