اسلام آباد – اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک ویمن ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب منعقد کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی محترمہ رومینہ خورشید عالم تقریب کی اعزازی مہمان تھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ بہت سی خواتین ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں جس کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اعلیٰ کارکردگی حاصل کرنے والی خواتین کو ایوارڈز دینے کیلئے پروقار تقریب منعقد کرنے پر چیمبر کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس سے دیگر خواتین میں بھی زندگی میں آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی خواتین کو ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے کہا کہ ہماری خواتین صلاحیت اور قابلیت کے لحاظ سے دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری خواتین کو زندگی میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکتی ہیں اور ملک کی ترقی میں فعال کردارادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خواتین کے لیے مزید سازگار پالیسیاں بنائے تا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مزید موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں محترمہ بینظیر بھٹو نے پہلی مسلمان وزیراعظم بن کر پاکستانی خواتین کا سر بلند کیا ہے۔
اسی طرح ملالا یوسف زئی، شرمین عبید چینوئے، پروفیسر عائشہ جلال اور ڈاکٹر نرگس سمیت متعدد خواتین مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا کردار آج بھی خواتین کیلئے ایک مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ اور حضرت فاطمہ کا کردار دنیا بھر کی خواتین کیلئے ایک مثالی کردار ہے اور ان کے نقش قدم پر چل کر پاکستان کو ایک عظیم معاشرہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایوارڈ تقریب منعقد کر کے ایک مثبت پیش رفت کی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی خواتین کی حوصلہ افزائی جاری
رکھے گا تاکہ وہ خاندانی خوشحال حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں بڑھ چڑھ کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب خواتین ترقی کرتی ہیں تو قوم ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام وہ مذہب ہے جس نے خواتین کومعاشرے میں عزت، وقار اور حقوق دیئے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور وہ عزم و ہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے محنت کر یں تو اللہ تعالیٰ ان کی ضرور مدد کرے گا کیونکہ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت ضائع نہیں کرتا۔ انہوں نے خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کیلئے ایوارڈ تقریب منعقد کرنے اور خواتین کے عالمی دن پر چیمبر کی ایک ایگزیکٹو ممبر کو اعزازی صدر بنانے پر آئی سی سی آئی کے اقدامات کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر آئندہ بھی اسی طرح خواتین کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔
گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے خواتین کو بہتر مواقع فراہم کر کے تیز رفتار معاشی ترقی حاصل کی ہے اور پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ معیشت میں خواتین کا کردار بڑھانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے تا کہ خواتین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی جائے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ ہمارہ ادارہ وہ واحد چیمبر ہے جس نے ایک خاتون انٹرپرینیور کو سینئر نائب صدر بنایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر خواتین انٹرپرینیورز کو فروغ دینے کیلئے کوشاں رہے گا تا کہ ان کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم ہوں۔
یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ خواتین کیلئے ایوارڈ تقریب منعقد کرنے کا مقصد ممتاز خواتین کو رول ماڈل کے طور پر سامنا لانا ہے اور یقینا اس تقریب کے بعد ایوارڈ یافتہ خواتین مزید محنت، دیانتداری اور وفا شعاری کے ساتھ معاشرے میں آگے بڑھیں گی۔
سابق چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل (ریٹائرڈ) سہیل امان نے خواتین کے لیے ایوارڈز تقریب منعقد کرنے پر آئی سی سی آئی کی کوشش کو سراہا اور کہا کہ خواتین اب پاک فضائیہ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے ایوارڈ تقریب میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی، تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ زینت عائشہ انٹرپرینیور نے اس موقع پر اپنی کامیابی کی داستان شرکاء کے ساتھ شیئر کی۔
جن خواتین کو ایوارڈ دیئے گئے ان میں محترمہ فرخ خان ایم این اے، کشمالہ طارق، ثمینہ فضل بانی صدر اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس، فاطمہ عظیم سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، ثمینہ خیال بیگ کو پیماہ، ثنا میر کرکٹر، عائلہ ماجد اے سی سی اے کی پہلی پاکستانی نائب صدر، آمنہ بیگ ایس پی، فوزیہ من اللہ ماہر ماحولیات،، صوبیہ مصطفیٰ میک اپ آرٹسٹ، صوبیہ نذیر فیشن ڈیزائنر، نگار نذیر کارٹونسٹ، ڈاکٹر شازیہ اکبر شاعرہ، انا فیصل ماہر تعلیم، ڈاکٹر شگفتہ جبین ماہر تعلیم، عطیہ لیاقت رئیلٹر، آمنہ عامر رپورٹر جیو نیوز، شفا یوسفزئی اینکرپرسن، نیلم خالد چوہدری انٹرپرینیور، سیدہ طیبہ کاظمی انٹرپرینور، ڈاکٹر افشاں ملک ایجوکیشنسٹ، سونیا عظیم گلوکارہ اور نادیہ قریشی آئی سی سی آئی شامل ہیں۔