اسلام آباد:روزانہ کروڑوں افراد فضائی سفر کرتے ہیں، جس کے دوران انہیں ائیر پورٹ پر وقت گزارنے کا تجربہ بھی ہوتا ہے۔کچھ ہوائی اڈے ان کو پسند نہیں آتے، کچھ اوسط درجے کے لگتے ہیں اور کچھ ان کو دلوں میں جگہ بنالیتے ہیں۔
مگر دنیا کا بہترین ائیر پورٹ ایسا ہے جہاں کئی گھنٹے گزار کر بھی لوگوں کا دل کرتا ہے کہ مزید کچھ وقت تک قیام کیا جائے۔اسکائی ٹریکس نامی ایئرلائن کنسلٹنگ گروپ نے 2023 کے لیے دنیا کے بہترین ائیر پورٹس کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں ایک ایشیائی ملک کا ائیر پورٹ نمبرون رہا ہے۔
دنیا بھر کے سیکڑوں ائیر پورٹس میں دستیاب سہولیات جیسے ٹرمینل لے آٹ، وائی فائی کی دستیابی اور ریسٹورنٹس وغیرہ کے حوالے سے عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر یہ فہرست مرتب کی گئی ہے۔فہرست کے مطابق سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ دنیا کا بہترین ہوائی اڈہ قرار پایا ہے۔
اس سے قبل سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ 2020 تک مسلسل 8 سال تک دنیا کا بہترین ائیر پورٹ قرار پایا تھا جس سے یہ اعزاز 2021 میں حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے چھین لیا تھا۔آبشار اور گلاس برج سے لیس اس ائیر پورٹ میں سبزے کا بھی بہت زیادہ خیال رکھا گیا ہے۔
گزشتہ 2 سال سے قطر کا حماد انٹرنیشنل ائیر پورٹ دنیا میں سب سے بہترین قرار دیا جارہا تھا جو 2023 میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔اس کے ساتھ ساتھ یہ شاپنگ کے لیے دنیا کا بہترین ائیر پورٹ بھی قرار دیا گیا ہے۔
جاپان کا ٹوکیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے حصے میں تیسرا نمبر آیا۔جنوبی کوریا کا انچیون ائیرپورٹ چوتھے جبکہ پیرس کا چارلس ڈیگال ائیر پورٹ 5 ویں نمبر پر رہا۔
استنبول ائیر پورٹ دنیا کا چھٹا بہترین ہوائی اڈہ رہا جس کے بعد جرمنی کا میونخ ائیرپورٹ 7 ویں پوزیشن اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ سوئٹزر لینڈ کا زیورخ ائیر پورٹ 8 ویں، جاپان کا ناریتا ائیر پورٹ ویں اور اسپین کا میڈرڈ ائیرپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔