اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)معروف ماہرتعلیم اور دارارقم سکولز کے ریجنل ڈائریکٹر زاہد بشیر ڈار ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ ملک کو درپیش سماجی،معاشی اور سیاسی مسائل کا حل ملکی نوجوانوں کو جدید ومعیاری تعلیم کی فراہمی سے ہی ممکن ہے،نسل نو کی ذہنی و جسمانی آبیاری کے لیے نجی شعبہ تعلیم نمایاں کردار ادا کررہاہے جسے مزید کارآمد بنانے کے لیے حکومت وقت کو اپنا فریضہ ادا کرنا ہوگااور کہاہے کہ آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں ان پر سرمایہ کاری ہی دراصل ملکی ترقی،بقا اور عالمی برادری میں کندھا جوڑ کر کھڑا ہونے کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارارقم سکول جی سیون برانچ میں منعقدہ نتائج کی سالانہ تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا
اساتذہ،والدین اور طلبا وطالبات بھی اس موقع پر موجود تھے، تقریب میں مڈل لیول تک کے پاس ہونے اور پوزیشن لینے والے بچوں میں تعریفی اسناد،شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں زاہد بشیر ڈار ایڈوکیٹ نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت مختلف سماجی،معاشی و تعلیمی مسائل کا شکار ہے جس سے نسل نو کو اپنے مستقبل کے بارے میں شدید پریشانی لاحق ہے،ان حالات میں اہل علم ودانش کا بنیادی فریضہ ہے کہ وہ آگے آئیں اور نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی امید دلائیں کیونکہ ملکی سلامتی، بقا،ترقی اوربہتری کے لیے اس کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں رہاہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تعلیمی ترقی میں نجی تعلیمی شعبہ کا کردار لائق تحسین ہے جو شرح خواندگی میں اضافہ اور پڑھی لکھی افرادی قوت کی فراہمی میں حکومت کا ساتھ بٹارہاہے۔اس مقصد کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت نجی شعبہ تعلیم کی معاونت کرے اور اپنی ورک فورس کو کامیاب شہری بنانے کے اس عمل میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کامیاب ہونے والے بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔